اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان پر، مہنگائی کے ستائے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ

وفاقی ادارہ شماریات کی ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ جاری

اسلام آباد: ادارہ شماریات پاکستان نے ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار اور سالانہ بنیادوں پر ہونے والی تبدیلیوں کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح ہفتہ وار بنیادوں پر 0.24 فیصد اضافے کے ساتھ ریکارڈ کی گئی، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 3.75 فیصد رہی۔

سستی ہونے والی اشیاء:
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتہ کے دوران 14 اشیاء کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی۔ سب سے زیادہ کمی ٹماٹر میں دیکھی گئی جو 11.38 فیصد کم ہوا، اس کے بعد آلو 8.39 فیصد سستا ہوا۔

دیگر سستی اشیاء میں ڈیزل 5 فیصد، چینی 4.52 فیصد، پیاز 3.52 فیصد، دال ماش 1.29 فیصد، لہسن 1.26 فیصد، نمک 1.12 فیصد، گڑ 1.05 فیصد اور ایل پی جی کی قیمت میں 0.14 فیصد کمی شامل ہے۔

مہنگی ہونے والی اشیاء:
دوسری جانب 17 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ چکن سب سے زیادہ مہنگا ہوا جس کی قیمت میں 11.11 فیصد اضافہ ہوا۔

سرخ مرچ پائوڈر 3.08 فیصد، انڈے 2.88 فیصد، شرٹنگ 1.64 فیصد، جلانے کی لکڑی 0.86 فیصد، 5 لیٹر کوکنگ آئل 0.32 فیصد، انرجی سیور 0.31 فیصد، دال مونگ 0.31 فیصد، سرسوں کا تیل 0.25 فیصد اور بیف کی قیمت میں 0.23 فیصد اضافہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں : سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج صفحہ ہستی سے مٹا دیے گئے، صدر و وزیراعظم کی شدید مذمت

قیمتوں میں استحکام:
رپورٹ کے مطابق 20 اشیاء کی قیمتیں پچھلے ہفتہ کے دوران مستحکم رہیں، جن میں بریڈ، گندم کا آٹا، سبزیاں اور کپڑے شامل ہیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق صارفین کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریہ (Consumer Price Index) کا تعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی و بیشی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

Scroll to Top