اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم متحد ہو کر ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیراعظم نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے کارروائی میں 4 دہشت گردوں کے ہلاک ہونے پر سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا اور جام شہادت نوش کرنے والے حوالدار محمد وقاص، نائیک خانویز، سپاہی صفیان حیدر اور سپاہی رفعت کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا، جبکہ زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے اور عزم استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔
صدر پاکستان آصف علی زرداری نے بھی شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی۔
صدر نے فوجی اور شہری شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم اور افواج متحد ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : شمالی وزیرستان،سیکیورٹی فورسز نے بویاکیمپ پر خودکش حملہ ناکام بنادیا،5دہشت گرد ہلاک
انہوں نے شہداء کی قربانی کو یادگار قرار دیتے ہوئے ملک کی حفاظت کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے بروقت کارروائی کر کے فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
وزیر داخلہ نے 4 حملہ آور دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی ستائش کی اور جام شہادت نوش کرنے والے 4 اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
محسن نقوی نے زخمی ہونے والے 15 شہریوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔





