وزیراعظم شہباز شریف نے انڈر 19 ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر ایشین چیمپئن بننے والی پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے شاندار انعامات کا اعلان کیا ہے۔
گزشتہ روز دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے روایتی حریف بھارت کو 191 رنز کے بھاری فرق سے شکست دے کر دوسری مرتبہ ایشیا کپ اپنے نام کیا۔ اس تاریخی کامیابی پر آج وزیراعظم ہاؤس میں ٹیم اور انتظامیہ کے اعزاز میں خصوصی ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، انڈر 19 ٹیم کے تمام کھلاڑی، سابق کپتان و مینٹور سرفراز احمد اور ٹیم مینجمنٹ نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے فائنل میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے اوپنر سمیر منہاس کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے اپنی محنت اور جذبے سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائنل میں بڑے مارجن سے کامیابی ٹیم ورک اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس کامیابی پر چیئرمین پی سی بی، ٹیم مینجمنٹ، کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف کو مبارکباد دیتے ہوئے اعلان کیا کہ فائنل جیتنے والی انڈر 19 قومی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ایک، ایک کروڑ روپے انعام دیا جائے گا۔





