پشاور میں چوری کی انوکھی وارداتیں، بجلی کی تاریں اور میٹر بھی محفوظ نہ رہے

پشاور: پشاور میں چوری کی وارداتوں نے ایک نیا اور حیران کن رخ اختیار کر لیا ہے، جہاں نامعلوم چور اب گھروں اور گلیوں سے نہ صرف بجلی کی تاریں بلکہ بجلی اور سوئی گیس کے میٹر بھی چرا رہے ہیں۔ ان غیر معمولی وارداتوں نے شہریوں میں شدید خوف اور تشویش پیدا کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پولیس اسٹیشن پہاڑی پورہ کی حدود میں بجلی کی تاریں چوری ہونے کا واقعہ سامنے آیا، جبکہ تازہ اطلاعات کے مطابق پشتخرہ کے علاقے ولی آباد میں نامعلوم افراد بجلی اور سوئی گیس کے میٹر اتار کر لے گئے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ وارداتیں عام چوروں کا کام نہیں لگتیں بلکہ اندازہ ہے کہ یہ کارروائیاں متعلقہ محکموں کے تجربہ کار یا ریٹائرڈ اہلکاروں جیسی مہارت سے کی جا رہی ہیں۔

اہلِ علاقہ کے مطابق چور انتہائی صفائی اور مہارت کے ساتھ میٹر اور تاریں نکالتے ہیں اور کسی قسم کا واضح نقصان بھی نہیں چھوڑتے، جس کی وجہ سے شکوک و شبہات مزید بڑھ گئے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پشاور میں اب نہ بجلی کی تاریں محفوظ رہ گئی ہیں اور نہ ہی گیس و بجلی کے میٹر۔

یہ بھی پڑھیں : ایک اور بلوچ لاپتہ شخص کی گھر واپسی، میر زمان سمالانی اہلِ خانہ سے مل گئے

دوسری جانب پولیس بھی ان انوکھی چوری کی وارداتوں پر پریشان دکھائی دیتی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مختلف علاقوں میں گشت بڑھا دیا گیا ہے اور مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے، تاہم تاحال کوئی ٹھوس سراغ حاصل نہیں ہو سکا۔

شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان غیر معمولی چوری کی وارداتوں کا فوری نوٹس لیا جائے، ملوث عناصر کو گرفتار کیا جائے اور عوام کو مزید مشکلات سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

Scroll to Top