سہ ملکی انڈر 19 سیریز ، پاکستان نے افغانستان کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے سہ ملکی سیریز کے اہم میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان انڈر 19 کو 133 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والی پاکستان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 238 رنز بنائے۔ مڈل آرڈر بلے باز سمیع منہاس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 56 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو مضبوط مجموعہ فراہم کیا۔

اوپنرز عثمان خان نے 59 گیندوں پر 43 اور علی حسن بلوچ نے 68 گیندوں پر 39 رنز بنا کر اننگز کو مستحکم کیا۔ افغانستان کی جانب سے سلام خان اور زیت اللہ شاہین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

239 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان انڈر 19 کی ٹیم پاکستانی فاسٹ بولرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور 30.2 اوورز میں صرف 105 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورہ بنگلہ دیش، شیڈول جاری

دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر عمر زیب نے 31 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کو یکطرفہ کر دیا۔ احمد حسین نے 2 رنز دے کر 2 کھلاڑی آؤٹ کیے، جبکہ مومن قمر نے 26 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ عمر زیب کی شاندار بولنگ کی بدولت انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس فتح کے ساتھ پاکستان انڈر 19 نے فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنا لی ہے۔ پاکستان ٹیم اپنا آخری لیگ میچ 4 جنوری کو زمبابوے انڈر 19 کے خلاف کھیلے گی، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 6 جنوری کو پاکستان اور زمبابوے کے درمیان منعقد ہوگا۔

Scroll to Top