جو لوگ قوم کی نسلوں کو تباہ کر رہے ہیں ان کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے،راناثنااللہ

وزیر اعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ حکومت ہر گھر اور ہر نوجوان کو محفوظ بنانے کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتی ہے اور جو لوگ قوم کی نسلوں کو تباہ کر رہے ہیں ان کے خلاف زیرو ٹالرنس ہوگا۔

فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے نشہ فروشوں اور بیرون ملک سے منشیات لانے والوں کے خلاف کارروائیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ منشیات معاشرے کے لیے ناسور ہیں اور قانون کے مطابق نمٹا جائے گا، امن، تحفظ اور آنے والی نسلوں کا مستقبل ریاست کی ذمہ داری ہے اور قانون سب کے لیے برابر ہے۔

انہوں نے ستھرا پنجاب منصوبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ گاؤں کی سطح پر صفائی کا شعور پیدا کر رہا ہے اور جیسے جیسے منصوبہ آگے بڑھے گا، کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔

رانا ثنااللہ نے فیصل آباد میں ترقیاتی منصوبوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ سڑکوں اور گیس کے منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں، جن میں 29 کلومیٹر کی سڑک شامل ہے جس سے آمدورفت آسان ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سوئی گیس کی کمی کو پورا کرنے کے لیے قطر سے معاہدہ کیا گیا ہے اور آر ایل این جی کے مہنگے ہونے کے باوجود حکومت عوام کی سہولت یقینی بنائے گی۔

سینیٹر نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے خدمت کی سیاست کا رواج ڈالا ہے اور پورے پاکستان میں بڑے ترقیاتی منصوبے، جیسے چلڈرن ہسپتال، یونیورسٹیاں اور مین روڈز اس کی مثال ہیں، رانا ثنااللہ نے نواز شریف اور شہباز شریف کے کردار کو ان منصوبوں کے پیچھے نمایاں قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ آج جرائم کی وہ صورتحال نہیں رہی جو ماضی میں روزانہ دیکھی جاتی تھی اور ریاست کی رٹ مضبوط ہونے کی وجہ سے عوام خود کو زیادہ محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: قوم کے بچوں کو سیاست میں نہ جھونکیں! امیر حیدر ہوتی نے بانی پی ٹی آئی کو آڑے ہاتھوں لے لیا

سنگین جرائم کے خلاف ریاست کسی قسم کی نرمی نہیں برتنے گی اور کبھی بھی ذاتی دشمنی یا سیاسی اختلاف کی بنیاد پر کارروائی نہیں کی گئی۔

سینیٹر رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ امن، انصاف اور ترقی ہی ایک مضبوط معاشرے کی بنیاد ہیں اور یہ تمام منصوبے اور اقدامات عوامی فلاح و بہبود کے لیے جاری رہیں گے۔

Scroll to Top