جعلی ورک ویزے،دبئی پولیس نے عوام کو خبردار کردیا

دبئی پولیس نے عوام کو جعلی ورک ویزا اسکیموں اور ویزا فراڈ کے بڑھتے ہوئے رجحان سے خبردار کیا ہے۔

پولیس کے کریمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ کے اینٹی فراڈ سینٹر کے مطابق ویزا سے متعلق جعلی آفرز کے ذریعے شہریوں کو لوٹا جا رہا ہے جس سے بچنے کے لیے محتاط رہنا ضروری ہے۔

پولیس نے انتباہ کیا ہے کہ جعلی ویزا اسپانسرشپ اور ملازمت کے جھوٹے وعدے کرنے والے عناصر سے ہوشیار رہا جائے کیونکہ اس وقت متعدد فراڈیے روزگار کا جھانسہ دے کر لوگوں سے پیسے بٹورنے میں مصروف ہیں اور ان کی پیشکشوں کی کوئی قانونی بنیاد نہیں ہوتی۔

دبئی پولیس نے واضح کیا ہے کہ دبئی میں ملازمت صرف سرکاری طریقہ کار اور قانونی طور پر لائسنس یافتہ ریکروٹمنٹ اداروں کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ غیر قانونی ذرائع اور گارنٹی ویزا کی پیشکش کرنے والوں سے بالخصوص اجتناب کیا جائے۔

حکام کے مطابق اگر کوئی فرد جعلی ویزا اسکیم کا شکار ہو جائے تو فوری طور پر پولیس سے رابطہ کیا جائے اور واقعے کی اطلاع دی جائے۔ دبئی پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ آن لائن یا کسی اور ذریعے سے مشکوک ویزا آفر سامنے آئے تو اسے فوراً رپورٹ کریں تاکہ دیگر افراد کو ویزا فراڈ سے محفوظ رکھا جا سکے۔

پولیس نے مزید تاکید کی ہے کہ کسی بھی ویزا کی پیشکش پر رقم ادا کرنے سے قبل متعلقہ سرکاری اداروں سے تصدیق کرنا لازمی ہے تاکہ کسی بھی قسم کے دھوکے سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top