کیپٹن اصمد شہید اور ساتھیوں کو پنجاب پولیس کا خراجِ تحسین

کیپٹن اصمد شہید اور ان کے ساتھیوں کو پنجاب پولیس کی جانب سے بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ کیپٹن اصمد شہید کے جسدِ خاکی کو ٹریفک پولیس لاہور کے میموریل پائلٹ اسکواڈ نے باوقار انداز میں لیڈ کیا۔

اس موقع پر سٹی ٹریفک پولیس لاہور کے افسران اور اہلکاروں نے مال روڈ کے تمام چوکوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے شہید کو والہانہ انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ فضا “شہداء زندہ ہیں” کے نعروں سے گونجتی رہی۔

سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان آرمی کے شہداء پوری قوم کے لیے فخر کی علامت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کی عظیم قربانیوں کی بدولت ہی ملک میں امن قائم ہے۔

واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں برزل پاس پر برف ہٹانے کے دوران پاک فوج کے آفیسر اور سپاہی سمیت 3 افراد شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 2 اور 3 جنوری کی درمیانی شب برزل پاس کھولنے کے لیے برف ہٹانے کا آپریشن جاری تھا کہ اس دوران برفانی تودہ گرنے سے کیپٹن اصمد اور مشین آپریٹر سمیت 4 افراد پھنس گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعے کے بعد ریسکیو آپریشن کے دوران چاروں افراد کو برف سے نکالا گیا لیکن کیپٹن اصمد، سپاہی رضوان اور مشین آپریٹر عیسیٰ جام شہادت نوش کرگئے۔

Scroll to Top