عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، مارکیٹ میں مسلسل اضافہ ریکارڈ

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، مارکیٹ میں مسلسل اضافہ ریکارڈ

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، ایران اور وینزویلا کی سپلائی خدشات نے مارکیٹ میں ہلچل پیدا کر دی۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی بنیادی وجہ ایران میں پیداوار میں ممکنہ خلل اور وینزویلا سے سپلائی کے خدشات بتائے جا رہے ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 59 سینٹ کا اضافہ ہوا، جس کے بعد فی بیرل قیمت 62.58 ڈالر تک پہنچ گئی۔ اسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 54 سینٹ مہنگا ہو کر 58.30 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہوا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران میں پیداوار میں ممکنہ رکاوٹ اور وینزویلا سے سپلائی کی غیر یقینی صورتحال سرمایہ کاروں اور تیل مارکیٹ میں تجارتی سرگرمیوں کو متاثر کر رہی ہے۔

ادھر امریکہ نے وینزویلا کے تیل پر غیر معینہ مدت کے لیے کنٹرول حاصل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کاراکاس میں عبوری حکام کے ساتھ طے پانے والے تیل معاہدے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وینزویلا سے 30 سے 50 ملین بیرل تیل حاصل کیا جائے گا، جسے بعد میں مارکیٹ ریٹ پر فروخت کیا جائے گا۔

مارکو روبیو نے سینیٹ ارکان کو بریفنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وینزویلا کے لیے تین مراحل طے کیے گئے ہیں: پہلا مرحلہ استحکام، دوسرا بحالی اور تیسرا تبدیلی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات عالمی تیل مارکیٹ میں استحکام لانے اور قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات عام صارفین اور صنعتوں پر بھی مرتب ہوں گے، خاص طور پر ایسے ممالک میں جہاں ایندھن کی درآمد پر زیادہ انحصار ہے۔ ایران اور وینزویلا کی صورتحال میں کسی بھی غیر یقینی تبدیلی سے تیل کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں، جس سے عالمی معیشت پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔

Scroll to Top