قاہرہ: مصری فٹبال اسٹار محمد صالح نے افریقا کپ آف نیشنز (AFCON) 2025 کے کوارٹر فائنل میں آئیوری کوسٹ کے خلاف فیصلہ کن گول کر کے ایک تاریخی سنگ میل عبور کیا، جس کے بعد ان کے مجموعی گولز اور اسسٹ کی تعداد 100 تک پہنچ گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق محمد صالح یہ کارنامہ 111 بین الاقوامی میچز میں حاصل کرنے والے دنیا کے تیز ترین کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے، جبکہ لیونل میسی نے یہ سنگ میل 122 اور کرسٹیانو رونالڈو نے 136 میچز میں حاصل کیا تھا۔
اس طرح محمد صالح دونوں عالمی لیجنڈز سے آگے نکل گئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق محمد صالح نے مصر کی قومی ٹیم کے لیے 65 گول اور 35 اسسٹ کیے ہیں، جس کی بدولت وہ بین الاقوامی فٹبال میں گول کنٹری بیوشنز کے اعتبار سے سب سے تیز رفتار کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کے خلاف فیصلہ کن قدم سے ٹرمپ پیچھے نہیں ہٹیں گے، وائٹ ہاؤس
فٹبال ماہرین کے مطابق یہ سنگ میل محمد صالح کے کیریئر میں ایک تاریخی مقام رکھتا ہے، کیونکہ انہوں نے عالمی سطح پر دو عظیم کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ کر اپنی غیر معمولی صلاحیت اور تسلسل کا ثبوت دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس فہرست میں برازیل کے لیجنڈری کھلاڑی پیلے بدستور سرفہرست ہیں، جنہوں نے یہ سنگ میل صرف 77 میچز میں حاصل کیا تھا، جبکہ نیمار نے 94 میچز میں یہ اعزاز اپنے نام کیا۔





