معروف مزاحیہ فنکار میراوس علیل، مشیر ثقافت کی عیادت و مالی معاونت



سلمان یوسف زئی

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر زاہد چن زیب نے پشتو کے معروف مزاحیہ فنکار میراوس کی عیادت کے لیے اسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے میراوس کی خیریت دریافت کی اور ان کی مالی معاونت کے طور پر پانچ لاکھ روپے کا چیک فراہم کیا۔

زاہد چن زیب نے اس موقع پر فنکار کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور ان کے اہل خانہ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے فنکار ہماری ثقافت کا قیمتی اثاثہ ہیں، اور حکومت ان کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

مشیر ثقافت نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی ہدایت پر فنکاروں کے لیے ایک انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا جلد آغاز کیا جا رہا ہے، جس کے تحت صوبے کے فنکاروں کو مستقل بنیادوں پر معاونت فراہم کی جائے گی۔

Scroll to Top