پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے وزیر مملکت طلال چوہدری کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ الزامات سراسر حقائق کے منافی اور سیاسی بدنیتی پر مبنی ہیں۔
اُن کے مطابق وفاقی اور پنجاب حکومت کے کچھ وزراء مسلسل نوجوان وزیراعلیٰ سہیل آفر یدی کے خلاف پراپیگنڈا مہم چلا رہے ہیں، جس میں انہیں دہشت گردوں یا افغانستان سے جوڑنے کی ناکام کوششیں شامل ہیں۔
شفیع جان نے کہا کہ طلال چوہدری، عظمیٰ بخاری، اختیار ولی اور عطا تارڑ صوبائی حکومت کے خلاف الزام تراشی کے لیے متحرک ہیں، مگر عوام باشعور ہے اور دھوکے میں نہیں آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت منتخب صوبائی حکومت کے خلاف ہرزہ سرائی بند کرے، اور جعلی وزراء عوامی عدالت میں مقابلہ کرنے کے بجائے الزام تراشی کی سیاست ترک کریں۔
معاون خصوصی نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر بھی بات کی اور کہا کہ خیبرپختونخوا کے ہر ضلع میں دہشت گردی کے خلاف امن جرگے منعقد کیے گئے ہیں۔
نوجوان وزیراعلیٰ سہیل آفر یدی نے صوبائی اسمبلی میں ایک عظیم الشان امن جرگے کا انعقاد کیا، جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول اپوزیشن نے شرکت کی۔ اس جرگے میں امن و امان کے حوالے سے پندرہ نکات پر اتفاق رائے ہوا، جن کے دستخط شدہ فیصلے موجود ہیں۔
شفیع جان نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ کی استعداد کار بڑھانے کے لیے 31 ارب روپے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اڈیالہ جیل کے سامنے پی ٹی آئی کا دھرنا ناکام، علیمہ خان کارکنان چھوڑ کر واپس روانہ
انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی پالیسی پہلے دن سے واضح رہی ہے اور عملی اقدامات جاری ہیں۔
صوبائی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔





