سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خاران میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی جانب سے گئے منظم حملے کو ناکام بناتے ہوئے8دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 50 سے 60 دہشت گرد موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر خاران شہر میں داخل ہوئے اور مختلف مقامات پر مربوط حملے کئے۔
دہشت گردوں کے ایک گروہ جس میں 20 سے 25 افراد شامل تھےنے خاران پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا تاکہ پولیس کو الجھا کر رکھا جا سکے۔ پولیس اسٹیشن میں فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جو کچھ دیر تک جاری رہا۔
اسی دوران دہشت گردوں کے ایک اور گروہ نے شہر میں بینکوں اور دیگر اہداف کو نشانہ بنایا اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے لوٹ مار کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں۔
سیکیورٹی فورسزنے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کیا ۔سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
اسی دوران سیکیورٹی اداروں کو قریبی علاقوں میں دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی اور کمک پہنچنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں جس پرسیکیورٹی فورسرز نے وہاں بھی کاروائی جس میں مزید 3 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے جبکہ شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے اور سیکیورٹی اداروں سے تعاون کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک کارروائی جاری رہے گی۔





