کرک میں نئی پولیس لائنز کا افتتاح، آئی جی پی نے سہولیات اور اہلکاروں کی فلاح و بہبود پر زور دیا

کرک: ڈ ائریکٹر پبلک ریلیشنز خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے ضلع کرک میں نئی پولیس لائنز کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

پولیس لائنز پہنچنے پر ننھے بچوں نے آئی جی پی کو پھولوں کے گلدستے پیش کرکے خوش آمدید کہا، جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

افتتاحی تقریب میں آئی جی پی نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہداء کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔

اس موقع پر آئی جی پی ذوالفقار حمید نے کہا کہ پولیس فورس کی فلاح و بہبود، رہائشی و دفتری سہولیات کی بہتری اور اہلکاروں کو محفوظ و باوقار کام کا ماحول فراہم کرنا حکومت اور پولیس قیادت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اس سلسلے میں جاری اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں گے۔

آئی جی پی نے کہا پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ ضروریات کی تکمیل ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے۔

نئی پولیس لائنز جیسے منصوبے اہلکاروں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے اور ادارے کی مجموعی کارکردگی میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : شدید دھند کے باعث اہم شاہراہیں بند، شہری محتاط رہیں

افتتاحی تقریب میں ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ عرفان طارق خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرک سعود خان، ایس پی انوسٹی گیشن، دیگر سینئر افسران اور ایم پی اے سجاد بارکوال نے شرکت کی۔

ڈی پی او کرک نے آئی جی پی کو نئی پولیس لائنز کی تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے میں اہلکاروں کے لیے جدید رہائشی سہولیات، دفاتر، بیرکس، میس اور دیگر بنیادی ضروریات کو مدِنظر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔

آئی جی پی نے سہولیات اور انتظامات کو سراہتے ہوئے ڈی پی او اور متعلقہ ٹیم کی تعریف کی اور ہدایت کی کہ اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور ادارہ جاتی نظم و ضبط کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات جاری رہیں تاکہ عوامی خدمت کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔

Scroll to Top