بابر اعظم کا بگ بیش لیگ میں سفر ختم، اہم وجہ سامنے آ گئی

سڈنی: قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کا آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (BBL) میں سفر ختم ہو گیا ہے۔

بگ بیش لیگ کی فرنچائز سڈنی سکسرز نے بابر اعظم کے بقیہ میچز کے لیے عدم دستیابی کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

سڈنی سکسرز کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بابر اعظم کو فوری طور پر پاکستان ٹیم کے کیمپ کے لیے طلب کیا گیا ہے، جس کے باعث وہ بگ بیش لیگ کی فائنلز سیریز کے باقی میچز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

فرنچائز کے مطابق بابر کو آئندہ قومی اسائنمنٹس کے لیے لگائے جانے والے کیمپ میں شرکت کے لیے واپس بلایا گیا ہے۔

سڈنی سکسرز نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ بابر اعظم اب بی بی ایل کے بقیہ فائنلز میچز نہیں کھیل سکیں گے، تاہم ٹیم نے ٹورنامنٹ میں شرکت پر بابر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔

بابر اعظم کا ویڈیو پیغام


دوسری جانب بابر اعظم نے بھی ویڈیو پیغام میں سڈنی سکسرز کی انتظامیہ، کوچز اور کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ٹیم کے ساتھ وقت گزار کر بہت لطف اٹھایا، تاہم بدقسمتی سے انہیں نیشنل ڈیوٹی کے باعث ٹیم چھوڑنا پڑ رہا ہے۔

بابر اعظم نے کہا کہ وہ اچھی یادوں کے ساتھ واپس جا رہے ہیں اور سڈنی سکسرز کے شائقین کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں بھرپور سپورٹ فراہم کی۔

واضح رہے کہ سڈنی سکسرز کا چیلنجر فائنل کل ہوبارٹ ہیوریکینز کے خلاف شیڈول ہے، جبکہ چیلنجر فائنل جیتنے والی ٹیم اتوار کو بی بی ایل کے فائنل میں پرتھ اسکارچرز کا سامنا کرے گی۔

Scroll to Top