پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب، کون سے اہم بلز منظور ہوں گے؟

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کر لیا ہے، جو آج بروز جمعہ دن 11 بجے منعقد ہوگا۔ صدر نے یہ اجلاس آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 54 کی شق (1) کے تحت طلب کیا ہے۔

اس حوالے سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے تمام اراکین شرکت کریں گے، جبکہ اجلاس کے ایجنڈے سے متعلق تفصیلات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

سات نکاتی ایجنڈا جاری
اعلامیے کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا سات نکاتی ایجنڈا مرتب کیا گیا ہے، جس کے تحت اجلاس میں صرف تین بلز منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے۔

ان میں سے دو بلز حکومتی وزرا جبکہ ایک بل رکنِ قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی کی جانب سے پیش کیا جائے گا۔

اہم بلز منظوری کے لیے پیش ہوں گے
ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق (ترمیمی) بل منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ دانش اسکولز اتھارٹی کے قیام سے متعلق بل بھی ایوان کے سامنے رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : بابر اعظم کا بگ بیش لیگ میں سفر ختم، اہم وجہ سامنے آ گئی

مزید برآں گھریلو تشدد کی روک تھام سے متعلق ترمیمی بل 2025 بھی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ اجلاس صدرِ مملکت کے آئینی اختیارات کے تحت طلب کیا گیا ہے، جبکہ ایجنڈے میں شامل بلز کو اہم قانون سازی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top