متنازع ٹویٹ کیس میں اہم پیشرفت، ایمان مزاری اور ہادی علی چھٹہ گرفتار

اسلام آباد میں متنازع ٹویٹ کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پولیس نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو گرفتار کر لیا ہے۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق دونوں کو سرینا ہوٹل کے قریب سرینہ چوک انڈر پاس کے پاس گاڑی رکوا کر حراست میں لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ ہائیکورٹ بار کے عہدیداران اور وکلاء کے ہمراہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد جا رہے تھے کہ اس دوران پولیس نے انہیں روک کر گرفتار کر لیا۔

واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے متنازع ٹویٹس کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو بطور ملزم پیش ہونے کا حکم دے رکھا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عدالت کا ایمان مزاری اور ان کے شوہر کو 24 گھنٹوں میں گرفتار کرنے کا حکم

گرفتاری کے بعد دونوں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ ہفتے سماعت کے دوران سماعت کے دوران ڈی آئی جی آپریشنز جواد طارق عدالت میں پیش ہوئے، ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے ریمارکس دیے کہ وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود ان پر عملدرآمد کیوں نہیں ہوا۔

جج نے ملزمان کی عدم پیشی پر سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان سمندر پر ہوں یا آسمان پر انہیں گرفتار کر کے پیش کیا جائے، عدالت کو ہر صورت وارنٹ کی تعمیل چاہیے۔

Scroll to Top