ڈیرہ اسماعیل خان: قریشی موڑ کے قریب ایک شادی کی تقریب کے دوران خودکش دھماکے میں چھ افراد جاں بحق اور سات زخمی ہو گئے ہیں۔
دھماکہ ٹھیکیدار یونین کے صدر نورحسن محسود کے گھر میں ان کے بھتیجے کی شادی کی تقریب کے دوران روایتی رقص (اتنڑ) کے دوران ہوا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں:
وحید جگری، ایڈووکیٹ عبدالمجید لاگری ، ٹھیکدار رحمان اللہ ، شہزاد عبدالائی ، عنایت اللہ ، چھوٹا وحید شامل ہے
زخمیوں میں شامل ہیں:
وارث خان، نور عالم محسود ، توحید اللہ ، رحمان خان ، سہیل خان برکی ، نذید اللہ شامل ہے۔
زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال/ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا ہے، اور دھماکے کے مقام پر منہدم ہونے والی چھت کا ملبہ ہٹایا جا رہا ہے۔ ہسپتال نے زخمیوں کی فہرست بھی جاری کر دی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے کے بعد فائرنگ بھی ہوئی، اور شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دھماکے کے مقام کے قریب نہ جائیں تاکہ امدادی کارروائیاں بلا رکاوٹ جاری رہ سکیں۔
دھماکے کی تحقیقات ابھی جاری ہیں اور ذمہ داروں کی شناخت کے لیے تمام ممکنہ ذرائع استعمال کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر اعلی کا ڈی آئی خان واقعے کا نوٹس، آئی جی سے رپورٹ طلب
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ڈی آئی خان میں ہونے والے بم دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے واقعہ کی تفصیلات معلوم کرنے کے لیے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے سکیورٹی اداروں کو واقعہ کی فوری تحقیقات اور ذمہ داروں کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور ذمہ دار عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
سہیل آفریدی نے شہداء کے لواحقین کے غم میں اپنی صوبائی حکومت کی بھرپور ہمدردی اور مکمل معاونت کا یقین دلایا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔
یہ دھماکہ شہر میں خوف و ہراس پھیلانے کے مترادف تھا اور علاقے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق واقعہ کی تحقیقات تیزی سے جاری ہیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





