خیبر پختونخوا:  بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے دو بچے جاں بحق 5 افراد زخمی

کرک میں بارش کے باعث چھت گرنے سے 2بچے جاں بحق جبکہ ماں اور بیٹا زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ کرک ٹیری سٹی کے نیو کالونی میں پیش آیا جہاں بارش کے بعد افغان مہاجر اختر زمان کے گھر میں کمرے کی چھت اچانک گر گئی ۔

چھت گرنے کے باعث 2بچے موقع پر جاں بحق جبکہ ماں اور بیٹا زخمی ہو گئے ۔

جاں بحق ہونے والے بچوں میں محمد اللہ عمر 7سال اور اقراء عمر ساڑھے چار سال شامل ہیں ۔
دوسری جانب کوہاٹ روڈ پر سٹی اسپتال کے قریب موسلادھار بارش کے دوران گھر کی چھت اچانک منہدم ہو گئی۔واقع میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں؛ دیربالا میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع، سردی کی شدت میں اضافہ

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں، ایمبولینسز اور میڈیکل عملہ موقع پر پہنچ گیا اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ٹیموں نے ملبے سے زخمیوں کو نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں اسپتال منتقل کر دیا۔

مشیر صحت خیبر پختونخوا احتشام علی نے کرک میں چھت گرنے کے واقعے میں ہونے والے جانی نقصان سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے محکمہ صحت کو ہائی الرٹ رہنے اور متعلقہ ریسکیو اداروں کے ساتھ فوری اور مؤثر روابط یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

مشیر صحت نے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز  اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اسٹیشنز پر موجود رہیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں بروقت طبی امداد فراہم کریں۔

Scroll to Top