اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے شناختی کارڈ ڈیٹا کے تحفظ کے لیے ایک نئی ڈیٹا مانیٹرنگ ایپ متعارف کروا دی ہے، جس کے ذریعے شہری پہلی بار اپنے شناختی ڈیٹا کے استعمال پر خود نگرانی کر سکیں گے۔
نادرا کے مطابق اس ایپ کے ذریعے شہری جان سکیں گے کہ ان کا شناختی ڈیٹا کس ادارے نے کب اور کس مقصد کے لیے استعمال کیا۔
ایپ میں ڈیٹا ویریفکیشن کی مکمل تاریخ دستیاب ہوگی، جس سے یہ واضح ہوگا کہ کس ادارے نے، کب اور کس نوعیت کی تصدیق کی۔
حکام نے بتایا کہ اس اقدام سے شہریوں کے شناختی ڈیٹا کے غلط استعمال پر مؤثر چیک اینڈ بیلنس ممکن ہوگا۔ اس کے علاوہ، ایپ کے ذریعے ڈیٹا لیک اور غیر قانونی تصدیق کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی، جبکہ پرائیویسی اور ڈیٹا سیکیورٹی میں اضافہ ہوگا۔
نادرا کے اس اقدام سے سائبر کرائم اور جعلی تصدیقی کیسز میں بھی کمی متوقع ہے، کیونکہ شہری خود اپنے شناختی ڈیٹا کے استعمال کا ریکارڈ دیکھ سکتے ہیں اور کسی بھی غیر قانونی کارروائی کی فوری اطلاع دے سکتے ہیں۔
ایپ کی سہولت شہریوں کو ڈیجیٹل دنیا میں اپنے ذاتی معلومات پر کنٹرول فراہم کرنے کے لیے ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے، اور نادرا کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اس ایپ میں مزید فیچرز شامل کر کے شہریوں کے ڈیٹا تحفظ کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : نادرا نے عمر میں تبدیلی کے قواعد واضح کر دیے، شہریوں کے لیے اہم خبر
جبکہ دوسری جانب نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے شہریوں کے شناختی کارڈ پر درج عمر میں تبدیلی یا تصحیح کے لیے مخصوص فیس مقرر کی گئی ہے۔
نادرا کے مطابق شناختی کارڈ ہولڈرز درست ثبوت کی بنیاد پر اپنی عمر میں ترمیم کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
نادرا حکام کا کہنا ہے کہ اگر کسی شہری کے شناختی کارڈ پر درج عمر میں غلطی ہو تو وہ اس کی تصحیح کے لیے نادرا سے رجوع کر سکتا ہے، تاہم اس کے لیے درست اور قابلِ قبول دستاویزات کا ہونا لازمی ہے۔
نادرا کے مطابق بیرونِ ملک مقیم پاکستانی عمر میں تبدیلی کے لیے قریبی نادرا رجسٹریشن سینٹر (NRC) یا متعلقہ پاکستانی سفارت خانے سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
جبکہ اندرونِ ملک موجود شہری پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بھی عمر میں ترمیم کی درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔
نادرا کے مطابق عمر میں تبدیلی کی فیس درخواست کی گئی مدت اور درخواست دہندہ کے مقام کے مطابق مختلف ہوتی ہے، چاہے شہری پاکستان میں مقیم ہو یا بیرونِ ملک۔





