اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے شہریوں کے شناختی کارڈ پر درج عمر میں تبدیلی یا تصحیح کے لیے مخصوص فیس مقرر کی گئی ہے۔
نادرا کے مطابق شناختی کارڈ ہولڈرز درست ثبوت کی بنیاد پر اپنی عمر میں ترمیم کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
نادرا حکام کا کہنا ہے کہ اگر کسی شہری کے شناختی کارڈ پر درج عمر میں غلطی ہو تو وہ اس کی تصحیح کے لیے نادرا سے رجوع کر سکتا ہے، تاہم اس کے لیے درست اور قابلِ قبول دستاویزات کا ہونا لازمی ہے۔
نادرا کے مطابق بیرونِ ملک مقیم پاکستانی عمر میں تبدیلی کے لیے قریبی نادرا رجسٹریشن سینٹر (NRC) یا متعلقہ پاکستانی سفارت خانے سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
جبکہ اندرونِ ملک موجود شہری پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بھی عمر میں ترمیم کی درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔
نادرا کے مطابق عمر میں تبدیلی کی فیس درخواست کی گئی مدت اور درخواست دہندہ کے مقام کے مطابق مختلف ہوتی ہے، چاہے شہری پاکستان میں مقیم ہو یا بیرونِ ملک۔
یہ بھی پڑھیں : پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب، کون سے اہم بلز منظور ہوں گے؟
پاکستان میں رہائش پذیر شہریوں کے لیے ایک سال تک عمر میں تبدیلی کی فیس ایک ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ تین سال سے زائد کی تبدیلی کے لیے فیس پانچ ہزار روپے تک رکھی گئی ہے۔
نادرا کے اعلامیے کے مطابق شناختی کارڈ میں دوسری مرتبہ عمر میں تبدیلی کی درخواست دینے پر فیس دس ہزار روپے وصول کی جائے گی۔
نادرا کا کہنا ہے کہ عمر میں تبدیلی کا عمل شفاف بنانے کے لیے یہ فیسیں مقرر کی گئی ہیں تاکہ غیر ضروری اور غلط اندراجات کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔





