بلوچستان: سیکورٹی فورسز کا پنجگور میں کامیاب آپریشن، 3 ہندوستانی سپانسر شدہ دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی: پاکستان کی سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایک انتہای اہم انسداد دہشت گردی آپریشن انجام دیا، جس میں ہندوستانی سپانسر شدہ دہشت گردوں کی موجودگی کی انٹیلی جنس اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی گئی۔

آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا پتہ لگایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں لوکل ایریا ٹیررسٹ کمانڈر فاروق عرف سورو، عدیل اور وسیم شامل ہیں، جو علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا، جس سے علاقے میں دہشت گردی کے مزید منصوبوں کو ناکام بنانے میں مدد ملی۔

علاقے میں دیگر ممکنہ دہشت گردوں کی گرفتاری یا خاتمے کے لیے صفائی کی کارروائیاں جاری ہیں، تاکہ کسی بھی خطرناک عنصر کو باقی نہ رہنے دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: انتہائی مطلوب بی ایل اے دہشت گرد فاروق سورو جہنم واصل

پاکستان کی سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن اعظمی استحکام کے مطابق انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، تاکہ ملک میں غیر ملکی سپانسر شدہ اور سپورٹ شدہ دہشت گردی کے خطرے کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق اس کارروائی سے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کو کمزور کرنے میں مدد ملی ہے، اور آئندہ آپریشنز کے لیے اہم معلومات بھی حاصل ہوئی ہیں۔

Scroll to Top