ابھیشیک شرما کی تیز ترین ففٹی، نیا ریکارڈ قائم

گوہاٹی میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 3-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔

بھارت کی اس شاندار فتح کا مرکزی حصہ ابھیشیک شرما کی برق رفتار ففٹی تھی، جس نے کیویز کو دھچکا دیا۔

نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے، جس میں گلین فلپس 48 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے۔

تاہم بھارتی بولنگ نے ابتداء ہی سے کیویز پر دباؤ برقرار رکھا، اور جسپریت بمراہ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 17 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، جس سے نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار ہوئی۔

جواب میں بھارت نے 154 رنز کا ہدف صرف 10 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر مکمل کر لیا۔ بھارتی بیٹرز نے جارحانہ انداز اپنایا اور نیوزی لینڈ کے بولرز کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہ دیا۔

ابھیشیک شرما نے محض 14 گیندوں پر اپنی تیز ترین ففٹی اسکور کی اور 20 گیندوں پر 68 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

کپتان سوریا کمار یادیو نے بھی 26 گیندوں پر 57 رنز بنا کر میچ کے اختتام تک ناقابل شکست رہے، جس سے بھارت نے ہدف کا تعاقب کامیابی سے مکمل کیا۔

یہ بھی پڑھیں : نئی دہلی میں شیخ حسینہ کا آڈیو خطاب، بنگلا دیش کا مودی سرکار پر سخت ردعمل

ابھیشیک شرما کی 14 گیندوں پر اسکور کی گئی ففٹی بھارت کی ٹی ٹوئنٹی تاریخ میں دوسری تیز ترین ففٹی ہے۔ اس سے قبل 2007 میں یووراج سنگھ نے انگلینڈ کے خلاف 12 گیندوں پر ففٹی اسکور کی تھی۔

بھارت نے 154 رنز کا ہدف 60 گیندوں قبل ہی پورا کیا، جو بھارت کی ہوم گراؤنڈ پر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی سب سے بڑی فتح ہے، جبکہ نیوزی لینڈ کی یہ گیندوں کے اعتبار سے سب سے بھاری شکست تھی۔

Scroll to Top