پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک دشمن عناصر کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے یہ بات ضلع پنجگور، بلوچستان میں بھارتی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے بعد کی۔
گورنر نے بلوچستان حکومت، سکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس کامیاب کارروائی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ بیرونی مداخلت کی وجہ سے ملک میں پھیلائی جانے والی دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی اور ریاست ملک دشمن عناصر کے ہر ناپاک منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے تیار ہے۔
گورنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور محنت ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھی جائے گی، اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ بھی سکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور ملک دشمن عناصر کی سازشوں کے خلاف ہر سطح پر ہوشیاری برتیں۔
یہ بھی پڑھیں : بلوچستان: سیکورٹی فورسز کا پنجگور میں کامیاب آپریشن، 3 ہندوستانی سپانسر شدہ دہشت گرد ہلاک
یاد رہے کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایک انتہای اہم انسداد دہشت گردی آپریشن انجام دیا، جس میں ہندوستانی سپانسر شدہ دہشت گردوں کی موجودگی کی انٹیلی جنس اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی گئی۔
آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا پتہ لگایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں لوکل ایریا ٹیررسٹ کمانڈر فاروق عرف سورو، عدیل اور وسیم شامل ہیں، جو علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا، جس سے علاقے میں دہشت گردی کے مزید منصوبوں کو ناکام بنانے میں مدد ملی۔
علاقے میں دیگر ممکنہ دہشت گردوں کی گرفتاری یا خاتمے کے لیے صفائی کی کارروائیاں جاری ہیں، تاکہ کسی بھی خطرناک عنصر کو باقی نہ رہنے دیا جائے۔





