پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے قومی ہاکی ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے روزانہ 115 ڈالرز الاؤنس دینے کا اعلان کیا ہے۔
پی ایس بی نے ہدایت کی ہے کہ ٹیم کے بین الاقوامی دورے سے قبل یہ ادائیگیاں مکمل کر دی جائیں تاکہ کھلاڑیوں کو کسی قسم کی مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
جمعرات کو میڈیا سے گفتگو میں ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی، محمد یاسر پیرزادہ نے بتایا کہ یہ یومیہ الاؤنس حکومت کی جانب سے منظور شدہ بجٹ کے مطابق دیا جا رہا ہے اور یہ فیصلہ خاص طور پر ایف آئی ایچ پرو لیگ میں پاکستان کی شرکت کے لیے لاگو ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود پی ایس بی نے مختلف فنڈز سے بچنے والی رقوم کو نئے سرے سے مختص کیا تاکہ غیر ملکی دورے کے دوران کھلاڑیوں کے لیے بہترین انتظامات یقینی بنائے جا سکیں۔
قومی ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے اس اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کھلاڑیوں کے تحفظات دور کیے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہونے والی بات چیت کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور موجودہ سرکاری بجٹ کے تحت منظور شدہ نئی شرح مناسب ہے، سب سے اہم بات یہ ہے کہ یومیہ الاؤنس کا مسئلہ حل ہو گیا ہے۔
پاکستان ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ پرو لیگ کے دوسرے مرحلے میں 10 فروری کو آسٹریلیا، 11 فروری کو جرمنی، 13 فروری کو ایک بار پھر آسٹریلیا اور 14 فروری کو جرمنی کے خلاف میدان میں اتری گی۔





