اسلام آباد: مرکزی جیل اڈیالہ میں قید پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران احمد خان نیازی (عمر 74 سال) کی طبی حالت کے حوالے سے اہم اپڈیٹ جاری کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عمران نیازی کی دائیں آنکھ کی بینائی کم ہونے کی شکایت پر اسلام آباد کے معروف ہسپتال پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز ہسپتال) (پی آئی ایم ایس) کے ماہر چشم ڈاکٹر نے اڈیالہ جیل میں مکمل آنکھ کا معائنہ کیا۔
اس معائنے میں سلیٹ لیمپ ایکزامینیشن، فنڈوسکوپی، انٹرا آکولر پریشر کی پیمائش، ضروری لیبارٹری ٹیسٹ اور ریٹینا کی آپٹیکل کوہیرنس ٹوموگرافی (OCT) شامل تھے۔
معائنے کے بعد دائیں آنکھ میں رٹینا کی مرکزی رگ میں رکاوٹ (رائٹ سنٹرل ریٹینل وین اوکلوژن) کی تشخیص ہوئی اور ہسپتال میں مستقل فالو اپ کے تحت علاج کی تجویز دی گئی۔
اس کے تحت عمران نیازی کو گزشتہ ہفتے کی رات کو پی آئی ایم ایس منتقل کیا گیا جہاں انہیں اینٹی-وی ای جی ایف (Anti-VEGF) انٹرا وٹریئل انجیکشن لگانے کا منصوبہ بنایا گیا۔
علاج کی تفصیلات مکمل طور پر مریض کو سمجھا دی گئیں اور اس سے پیشگی رضامندی حاصل کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : وادی تیراہ میں بڑے آپریشن کا جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈا کیا گیا، سیکیورٹی ذرائع
یہ طبی عمل آپریشن تھیٹر میں معیاری سٹرائل پروٹوکولز اور مانیٹرنگ کے تحت مکمل کیا گیا۔ پروسیجر تقریباً 20 منٹ میں بخوبی مکمل ہوا اور دورانِ علاج مریض کی حالت مستحکم رہی۔
پروسیجر کے بعد عمران نیازی کو معمول کے مطابق علاج و نگہداشت کی ہدایات دی گئیں اور فالو اپ کے حوالے سے مکمل دستاویزات فراہم کی گئیں۔
پی آئی ایم ایس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عمران نیازی کی صحت کی حالت کو قریبی نگرانی میں رکھا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر مزید علاج فراہم کیا جائے گا۔





