دوسرا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان اور آسٹریلیا آج آمنے سامنے ہوں گے

لاہور: پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیمیں آج شام چار بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ کے لیے آمنے سامنے ہوں گی۔

پاکستان کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے، کیونکہ سیریز کے پہلے میچ میں قومی ٹیم نے آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دی تھی۔

ذرائع کے مطابق دونوں ٹیموں نے گزشتہ روز زیادہ پریکٹس کے بجائے آرام کو ترجیح دی تاکہ کھلاڑی آج کے میچ کے لیے بہترین فارم میں ہوں۔

قومی ٹیم کی فتح کے بعد پاکستانی شائقین کی توقعات مزید بڑھ گئی ہیں کہ ٹیم سیریز میں برتری برقرار رکھے گی۔

قذافی اسٹیڈیم کے میدان میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری مقابلے میں دونوں ٹیمیں اپنی بیٹنگ اور بولنگ لائن اپ پر خاص توجہ دے رہی ہیں۔

پاکستانی ٹیم کی کوشش ہوگی کہ دوسرے میچ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرے۔

شائقین کرکٹ کے لیے یہ میچ دلچسپی اور جوش سے بھرپور رہنے کی توقع ہے، کیونکہ دونوں ٹیمیں گزشتہ میچ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کر چکی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے پہلے ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دے کر سیریز کا شاندار آغاز کر دیا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے ملنے والے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز ہی بنا سکی۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان نے آسٹریلیا کو پہلے ٹی 20 میں شکست دے دی

مہمان ٹیم کی جانب سے کیمرون گرین نے 36 جبکہ زیویئر بارٹلیٹ نے 34 رنز اسکور کیے۔ کپتان ٹریوس ہیڈ نے 13 گیندوں پر 23 رنز بنائے جبکہ میتھیو شارٹ صرف 5 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستانی بولرز نے منظم کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ صائم ایوب اور ابرار احمد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان اور محمد نواز کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے تھے۔ اوپنر صائم ایوب نے 40 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ کپتان سلمان علی آغا نے 39 رنز بنا کر ٹیم کو مستحکم بنیاد فراہم کی۔

بابر اعظم 20 گیندوں پر 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ فخر زمان 16 گیندوں پر صرف 10 رنز ہی بنا سکے۔ وکٹ کیپر بیٹر عثمان خان نے 18 اور محمد نواز نے 15 رنز اسکور کیے۔ شاداب خان ایک رن بنا سکے جبکہ صاحبزادہ فرحان کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔

Scroll to Top