ڈیرہ اسماعیل خان: سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے سنٹرل جیل ڈیرہ اسماعیل خان کا تفصیلی دورہ کیا اور جیل کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے بلاک نمبر تین اور چار کا افتتاح کیا۔
جیل پہنچنے پر سپرنٹنڈنٹ جیل اعجاز محسود، ڈی آئی جی جیل خانہ جات طاہر شہباز، ڈپٹی جیل خانہ جات ظفر اللہ مروت اور رکن قومی اسمبلی ٹانک داوڑ خان گنڈاپور نے سابق وزیراعلیٰ کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران سردار علی امین گنڈاپور نے قیدیوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل اور شکایات براہ راست سنی اور جیل انتظامات پر تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے لنگر خانے میں کھانے کے معیار، صفائی، جیل ہسپتال میں ادویات کی دستیابی اور زیر علاج مریضوں کی صورتحال کا جائزہ لیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جیل کا پرانا تصور بدل دیا گیا ہے اور سزا کے بجائے اصلاح اور تربیت کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قیدیوں کو مختلف ہنر سکھائے جا رہے ہیں تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔
قیدیوں کی محنت سے حاصل ہونے والی آمدن ان کے گھروں تک پہنچائی جاتی ہے اور قیدیوں کی تیار کردہ مصنوعات مختلف فورمز اور آن لائن پلیٹ فارمز پر فروخت کی جا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : علی امین گنڈاپور کا ڈیرہ کے عوام کے لیے بڑا اعلان
سابق وزیراعلیٰ نے سنٹرل جیل میں قائم لائبریری کا بھی افتتاح کیا، جہاں تعلیم یافتہ قیدی مطالعہ کریں گے، جبکہ غیر تعلیم یافتہ قیدیوں کو تعلیم یافتہ قیدیوں سے پڑھایا جائے گا، جنہیں معاوضہ بھی دیا جائے گا۔
انہوں نے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو ہدایت کی کہ جیل میں باقی ماندہ تعمیراتی کام جلد مکمل کیا جائے۔ اس کے علاوہ جیل ہسپتال کے لیے پانچ لاکھ روپے مالیت کی ادویات کی فوری فراہمی، خراب ٹیوب ویل کی مرمت اور پانی کی مستقل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
سردار علی امین گنڈاپور نے سنٹرل جیل کے سامنے خستہ حال سڑک کی فوری تعمیر کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ قیدیوں کی اصلاح، فلاح اور انہیں دوبارہ مفید شہری بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔





