خیبر پختونخوا حکومت کو پنجاب سے کچھ سیکھنا چاہیے، عطا تارڑ نے سہیل آفریدی کو آئینہ دکھا دیا

خیبر پختونخوا حکومت کو پنجاب سے کچھ سیکھنا چاہیے، عطا تارڑ نے سہیل آفریدی کو آئینہ دکھا دیا

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں نے دہشتگردوں کو شکست دی، بلوچستان بڑا سانحہ ٹل گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے بہادرسکیورٹی جوانوں نے بروقت اور مؤثر کارروائی کے ذریعے دہشتگردوں کو شکست دے کر بلوچستان کو ایک بڑے سانحے سے بچا لیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشتگرد ریڈ زون میں داخل ہو کر قبضہ جمانا چاہتے تھے، تاہم سیکیورٹی فورسز مکمل طور پر تیار تھیں اور دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے گئے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ دہشتگردی کے تانے بانے بھارت سے جا ملتے ہیں اور بھارت اپنی پراکسیز کے ذریعے پاکستان پر حملہ آور ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ “ہم نے ماضی میں بھی بھارت کو شکست دی ہے اور اب اس کی پراکسیز کو بھی شکست دیں گے۔”

وفاقی وزیر اطلاعات نے خیبر پختونخوا حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی عوام کو مدد کی ضرورت پڑتی ہے تو کے پی حکومت غائب نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے ملنے کے باوجود خیبر پختونخوا حکومت ایک مؤثر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) تک قائم نہ کر سکی، جو بدانتظامی اور نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ باڑہ کے سیاسی اتحاد سمیت مختلف حلقے خود اس بات کا اعتراف کر رہے ہیں کہ خیبر پختونخوا میں بدانتظامی اور بدعنوانی عروج پر ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا:“خیبر پختونخوا والے بتائیں کہ تیراہ متاثرین کے لیے دیے گئے 4 ارب روپے کہاں گئے؟”

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہیں، جبکہ خیبر پختونخوا حکومت کا کام صرف احتجاج کرنا اور اڈیالہ جیل کے باہر بیٹھنا رہ گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو پنجاب سے بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ گورنر راج اس وقت آتا ہے جب کوئی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو جائے، اور موجودہ صورتحال میں خیبر پختونخوا حکومت اپنی کارکردگی پر سنجیدگی سے غور کرے۔

عطا تارڑ نے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے دہشتگردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کیا اور قوم کو ایک بڑے خطرے سے محفوظ رکھا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ ہر قیمت پر جاری رکھی جائے گی۔

Scroll to Top