بلوچستان میں بی ایل اے دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری، 48 گھنٹوں میں 172 دہشت گرد ہلاک

بھارتی بی ایل اے سے وابستہ دہشت گردوں کے خلاف افواجِ پاکستان کا آپریشن پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 172 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صرف پچھلے ایک گھنٹے کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کامیاب آپریشنز کرتے ہوئے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے گئے، ان کارروائیوں میں نوشکی میں 7، ہوشاب میں 6 جبکہ تربت میں ایک دہشت گرد کو ہلاک کیا گیا۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق نوشکی میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے مزاحمت کی تاہم افواجِ پاکستان نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے تمام 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

ہوشاب میں بھی دہشت گردوں کے ایک نیٹ ورک کو نشانہ بنایا گیا جہاں 6 دہشت گرد مارے گئے جبکہ تربت میں ایک دہشت گرد کو کامیاب کارروائی میں انجام تک پہنچایا گیا۔

ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کا مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، بلوچستان میں بی ایل اے کا صفایا، 48 گھنٹوں میں 145 دہشتگرد ہلاک

افواجِ پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

Scroll to Top