مردان. صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے گارڈن کیمپس میں بوائز ہاسٹل کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی طفیل انجم، زرشاد خان اور صوبائی صدر آئی ایس ایف اشفاق مروت بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران صوبائی وزیر نے یونیورسٹی میں تعلیمی سہولیات، تحقیقاتی منصوبوں اور طلبہ کی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظاہر شاہ نے انہیں یونیورسٹی کی کارکردگی اور کامیابیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ عبدالولی خان یونیورسٹی مردان نے حالیہ ورلڈ رینکنگ میں خیبرپختونخوا میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے، جو یونیورسٹی کی شاندار کارکردگی کا ثبوت ہے۔
اس وقت یونیورسٹی میں 17 ہزار سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں، جو صوبے اور مردان کے عوام کے ادارے پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔
مینا خان آفریدی نے مزید کہا کہ صوبے میں مستقل وائس چانسلرز کی تقرری کا عمل تیزی سے جاری ہے، تاہم موجودہ پرو وائس چانسلرز بھی بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ رواں سال اعلیٰ تعلیم کے بجٹ میں اضافہ کیا جائے گا، جس سے 80 فیصد مالی بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
اس کے علاوہ، صوبائی حکومت یونیورسٹیوں اور کالجز کی رینکنگ کا ایک نیا نظام متعارف کرانے جا رہی ہے، جس سے تعلیمی معیار میں مزید بہتری آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی ایم اے مردان میں سنگین بے ضابطگیاں، قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان
قبل ازیں صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا مینا خان آفریدی ویمن یونیورسٹی مردان کے آٹھویں یومِ تاسیس کی تقریب میں بھی شرکت کی۔
صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے کہا ہے کہ یونیورسٹیوں کے معاملات کارکردگی سے منسلک کر رہے ہیں۔
فنانشل سسٹینبلٹی اور منیجمنٹ بہتر بنانے کے ساتھ رینکنگ کا نیا نظام لا رہے ہیں جس سے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم کے صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت اعلیٰ تعلیم کے فروغ کو اہمیت دے رہی ہے۔
یونیورسٹیوں کے مالی معاملات کو حل کرنے کےلئے ہماری حکومت نے ایک سال میں کافی پیش رفت کی ہے اور یونیورسٹیز میں فنانشل منیجمنٹ اور سسٹینبلٹی مکینزم کے ذریعے یونیورسٹیوں کے مالی معاملات بہتر ہو جائیں گے۔ تمام یونیورسٹیز کےلئے تربیتی ورکشاپ منعقد کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وومن یونیورسٹی مردان کی نئی عمارت تکمیل کے لیے صوبائی حکومت امسال دس کروڑ روپے فراہم کرے گی جس سے یونیورسٹی کے اگلے سیشن سے نئی عمارت میں کلاسز کا اجراء ممکن ہوسکے گا۔