بے روزگاری کے شکار افراد کیلئے روزگار کا نیا راستہ کھولنے اور شہریوں کو ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنے کیلئے خیبرپختونخوا حکومت نے گرین رکشہ اسکیم متعارف کرانے کی تیاری کر لی ہے جس کے تحت مستحق افراد کو رکشوں کی خریداری پر 50 فیصد سرکاری سبسڈی اور باقی رقم چار سالہ آسان اقساط میں ادا کرنے کی سہولت دی جائے گی۔
دوسری جانب پشاور ماس ٹرانزٹ بس سروس کو سالانہ 2 ارب روپے آمدن کا ہدف دے دیا گیا ہے جبکہ شہر میں ٹریفک جام، سرکاری اداروں کے اخراجات اور محکمہ ٹرانسپورٹ میں مبینہ بدعنوانی کے مسائل سے نمٹنے کیلئے بھی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت نے روزگار کے مواقع بڑھانے اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کیلئے گرین رکشہ اسکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت مستحق افراد کو چار سالہ آسان اقساط پر رکشے فراہم کیے جائیں گے جبکہ حکومت خریداری کی لاگت کا 50 فیصد بطور سبسڈی برداشت کرے گی۔
اس بات کا اعلان گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے ٹرانسپورٹ آصف رفیق نے پشاور میں محکمہ ٹرانسپورٹ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ محمد زبیر خان، منیجنگ ڈائریکٹر خیبرپختونخوا اربن موبلٹی اتھارٹی محمد افتخار، ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ محمد عمر، چیف ایگزیکٹو آفیسر ماس ٹرانزٹ بس سروس اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسکیم کا مقصد عام شہریوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ماحول دوست سفری نظام کو فروغ دینا ہے۔
اجلاس میں پشاور ماس ٹرانزٹ بس سروس کی کارکردگی اور مالی معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
مشیر ٹرانسپورٹ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ادارے کے انتظامی اور آپریشنل اخراجات کم کرنے کے ساتھ آمدن بڑھانے کیلئے مؤثر حکمت عملی تیار کی جائے۔
انہوں نے بس سروس کی سالانہ آمدن 2 ارب روپے تک پہنچانے کا ہدف مقرر کرتے ہوئے اس کیلئے قابلِ عمل منصوبہ بندی پر زور دیا۔
آصف رفیق نے کہا کہ سرکاری اداروں کو مالی طور پر خودمختار بنانا اور ان کی کارکردگی بہتر بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ تمام متعلقہ ادارے اپنے وسائل کے بہتر استعمال، غیر ضروری اخراجات میں کمی اور آمدن کے نئے ذرائع پیدا کرنے پر توجہ دیں۔
انہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ میں کرپشن کے خاتمے، شفافیت کے فروغ اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کو عالمی سیاحتی نقشے پر لانے کا شاندار منصوبہ:14 نئے سیاحتی مقامات تیار کرنے کا فیصلہ!
ان کا کہنا تھا کہ پشاور میں ٹریفک جام اور رش کے مسائل حل کرنے کیلئے مؤثر ٹریفک مینجمنٹ پلان مرتب کیا جائے تاکہ شہریوں کو روزمرہ آمدورفت میں پیش آنے والی مشکلات کم ہو سکیں۔
مشیر ٹرانسپورٹ نے مزید کہا کہ صوبے میں سفری نظام کو جدید، شفاف، ماحول دوست اور عوامی ضروریات کے مطابق بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے جس کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔





