جنگ بندی کے پردے میں غزہ پر نئی یلغار؟صیہونی ٹینک شہری علاقوں میں داخل، فلسطینیوں کی نقل مکانی شروع!

جنگ بندی کے دعوے بھی غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کو اسرائیلی فوج کی تازہ جارحیت سے محفوظ نہ رکھ سکے، وسطی غزہ میں ٹینکوں اور بلڈوزروں کی پیش قدمی، توپ خانے کی گولہ باری اور فضائی حملوں نے ایک بار پھر شہری آبادی کو خوف اور بے یقینی میں دھکیل دیا ہے۔

البریج اور النصیرات کے اطراف رہنے والے فلسطینی خاندانوں کو علاقے چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے جبکہ المغراقہ میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ پہلے ہی جنگ اور بے گھری کے عذاب سے گزرنے والے فلسطینیوں کیلئے یہ نئی کارروائی ایک اور سنگین انسانی المیہ بن کر سامنے آئی ہے۔

غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کی نئی فوجی کارروائی نے فلسطینی شہریوں کی مشکلات میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا ہے۔

وسطی غزہ میں اسرائیلی ٹینکوں اور بلڈوزروں نے البریج اور النصیرات پناہ گزین کیمپوں کے شمال مغربی علاقوں کی جانب پیش قدمی شروع کر دی ہے جبکہ توپ خانے کی گولہ باری اور فائرنگ کے باعث متعدد فلسطینی خاندان اپنے گھر اور عارضی پناہ گاہیں چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوجی دستوں نے المغراقہ، وادی غزہ پل، الدعوہ محلے اور صلاح الدین روڈ کے مشرقی علاقوں کی جانب پیش قدمی کی ہے۔

کارروائی سے قبل مقامی آبادی اور بے گھر فلسطینیوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کی گئی تھی جبکہ انہیں فوجی آپریشن ختم ہونے کے باضابطہ اعلان تک واپس نہ آنے کا کہا گیا ہے۔

اسرائیلی فوج کی اس پیش قدمی نے ان خاندانوں کو ایک مرتبہ پھر بے گھر کر دیا ہے جو پہلے ہی جنگ کے باعث اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔

فلسطینی شہریوں کیلئے پناہ، تحفظ اور بنیادی سہولیات کی قلت کے دوران نئی نقل مکانی نے انسانی بحران کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

غزہ کی پٹی کے وسطی علاقے المغراقہ میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں کم از کم ایک فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کی کارروائی کا مقصد علاقے میں موجود مبینہ حماس تنصیبات اور سرنگ کو ختم کرنا ہے۔ تاہم حماس نے اس فوجی پیش قدمی اور شہریوں کی نقل مکانی کو جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

فلسطینی مزاحمتی تنظیم اسلامی جہاد نے بھی اسرائیلی کارروائی کو جنگ بندی سبوتاژ کرنے کا خطرناک منصوبہ قرار دیتے ہوئے اس کی ذمہ داری امریکا اور غزہ امن بورڈ پر عائد کی ہے۔

حماس کا مؤقف ہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے جنگ بندی کے دوران اس نوعیت کی کارروائی معاہدے کی روح کے منافی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کے بے روزگار افراد کیلئے بڑی خوشخبری، حکومت کا رکشوں کی قیمت کا آدھا بوجھ اٹھانےکا اعلان!

واضح رہے کہ 10 اکتوبر 2025 کو جنگ بندی کے اعلان کے بعد وسطی غزہ کے ان علاقوں میں اسرائیلی فوج کی جانب سے یہ پہلی باضابطہ زمینی کارروائی قرار دی جا رہی ہے۔ تاہم جنگ بندی کے دوران بھی غزہ میں حملوں اور ہلاکتوں کا سلسلہ مکمل طور پر نہیں رکا۔

اسرائیلی فوج کی تازہ پیش قدمی نے ایک بار پھر یہ سوال کھڑا کر دیا ہے کہ جنگ بندی کے باوجود فلسطینی شہری کب تک خوف، تباہی اور بار بار نقل مکانی کے عذاب میں مبتلا رہیں گے۔

Scroll to Top