خیبرپختونخوا کو عالمی سیاحتی نقشے پر لانے کا شاندار منصوبہ:14 نئے سیاحتی مقامات تیار کرنے کا فیصلہ!

خیبرپختونخوا کے قدرتی حسن کو عالمی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنانے کی تیاریاں تیز ہو گئیں پشاور اور اسلام آباد ایئرپورٹس پر غیر ملکی سیاحوں کیلئے جدید انفارمیشن ڈیسک قائم کرنے 14 نئے سیاحتی مقامات آباد کرنے اور فلک سر سمٹ کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کا منصوبہ سامنے آگیا۔

صوبے کے 5 ہزار سے زائد ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کی رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد اب سیاحت کے فروغ کیلئے نئے اقدامات پر توجہ مرکوز کر دی گئی ہے جبکہ بین الاقوامی ایڈونچر ٹورازم ایونٹ کے انعقاد کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔

صوبائی مشیر برائے سیاحت، ثقافت، آثارِ قدیمہ و عجائب گھر ڈاکٹر سرفراز علی نے پشاور اور اسلام آباد ایئرپورٹس پر غیر ملکی سیاحوں کی رہنمائی کیلئے جدید ٹورسٹ انفارمیشن ڈیسک قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاحوں کو صوبے کے خوبصورت مقامات، سفری سہولیات اور سیاحتی سرگرمیوں سے متعلق معلومات فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر سرفراز علی کو بتایا گیا کہ صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات پر 5 ہزار سے زائد ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے جبکہ سوات میں رجسٹریشن مہم جاری ہے۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران رجسٹریشن کے ذریعے ریکارڈ آمدن بھی حاصل ہوئی ہے۔

اجلاس میں سیکرٹری سیاحت راجہ فضل خالق، ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی شاہد خان مہمند اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹورازم اتھارٹی کے میزبان پراجیکٹ کے تحت 41 افراد دو کمروں پر مشتمل گیسٹ ہاؤسز مکمل کرکے کامیابی سے چلا رہے ہیں۔

چترال اور سوات میں ایڈونچر ٹورازم کے 6 تربیتی سیشنز بھی منعقد کیے گئے جن میں پیراگلائیڈنگ اور راک کلائمبنگ سمیت مختلف سرگرمیوں کی تربیت فراہم کی گئی۔ موسم سرما میں آئس ہاکی اور سنو بورڈنگ کی تربیت بھی دی جائے گی۔

بریفنگ کے مطابق صوبے میں 14 نئے سیاحتی مقامات کی تعمیر اور موجودہ سیاحتی مقامات پر ریسٹ ایریاز بنانے کیلئے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔

نشتر ہال پشاور میں ٹورسٹ سہولت مرکز اور اسٹالز اگلے ماہ تک مکمل کرنے کا منصوبہ ہےجبکہ مختلف آبشاروں پر سیاحوں کیلئے آرام گاہوں اور دیگر سہولیات کی تعمیر بھی جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : معرکہ حق میں پاک فضائیہ کی برتری کے دعوؤں کو نئی تقویت، بھارتی رافیل بیڑے میں چار طیاروں کی کمی کا سنسنی خیز انکشاف!

مشیر سیاحت نے ہدایت کی کہ آرٹسٹ اینڈومنٹ فنڈ میں میرٹ اور مقررہ معیار کو خصوصی اہمیت دی جائے۔

انہوں نے تریچ میر سمٹ کی طرز پر فلک سر سمٹ کو بھی بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے اور پیراگلائیڈنگ کی طرز کا ایک بین الاقوامی ایونٹ خیبرپختونخوا میں منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

Scroll to Top