کوئٹہ میں رابطوں کا بحران، موبائل انٹرنیٹ اور ٹرین سروس تیسرے روز بھی بند

کوئٹہ میں موبائل ڈیٹا انٹرنیٹ سروس تیسرے روز بھی معطل رہی، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ موبائل انٹرنیٹ سروس ہفتے کے روز معطل کی گئی تھی جو تاحال بحال نہ ہو سکی، جس سے روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

موبائل فون ڈیٹا انٹرنیٹ کی بندش کے باعث کاروباری افراد، طلبہ، فری لانسرز اور آن لائن سروسز سے وابستہ افراد کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ آن لائن کلاسز، ڈیجیٹل ادائیگیاں اور کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو چکی ہیں، جبکہ شہریوں کو اپنے رشتہ داروں اور دفاتر سے رابطے میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

دوسری جانب کوئٹہ سے اندرون ملک اور چمن کے لیے ٹرین سروس بھی تیسرے روز مسلسل معطل ہے۔ کوئٹہ سے پشاور کے لیے جعفر ایکسپریس آج تیسرے روز بھی روانہ نہ ہو سکی، جس کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق چمن کے لیے پیسنجر ٹرین بھی آج روانہ نہیں ہو سکی۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین سروس ناگزیر وجوہات کی بنا پر معطل کی گئی ہے، تاہم سروس کی بحالی کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی وقت نہیں بتایا گیا۔ شہریوں اور مسافروں نے مطالبہ کیا ہے کہ موبائل انٹرنیٹ اور ٹرین سروس جلد از جلد بحال کی جائے تاکہ معمولاتِ زندگی دوبارہ بحال ہو سکیں۔

Scroll to Top