خیبر پختونخوا میں سیاحت کا نیا باب، سہیل آفریدی کی زیر صدارت اجلاس، اربوں روپے کی سرمایہ کاری متوقع

خیبر پختونخوا میں سیاحت کا نیا باب، سہیل آفریدی کی زیر صدارت اجلاس، اربوں روپے کی سرمایہ کاری متوقع

خیبر پختونخوا میں سیاحت کا نیا باب، ٹھنڈیانی انٹیگریٹڈ ٹورازم زون منصوبے کی منظوری، اربوں روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے ۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کمیٹی کا نواں اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹھنڈیانی انٹیگریٹڈ ٹورازم زون منصوبے کے کنسیشن ایگریمنٹ کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ نے متعلقہ نجی شراکت دار کے ساتھ کنسیشن معاہدے پر دستخط کر کے منصوبے پر عملی پیش رفت کی ہدایت جاری کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ یہ ملک کا پہلا انٹیگریٹڈ ٹورازم زون ہے جو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت قائم کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کا بنیادی مقصد نجی سرمایہ کاری کے ذریعے صحت افزا سیاحتی مقام ٹھنڈیانی کو ماحول دوست سیاحت کے جدید مرکز میں تبدیل کرنا ہے۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ یہ منصوبہ چار زونز اور تین پیکیجز پر مشتمل ہے، جسے ہر عمر کے سیاحوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تین پیکیجز میں مجموعی طور پر 14 ممکنہ سیاحتی منصوبے شامل ہوں گے، جن کے تحت تین نئے ہوٹلز یا کنڈوٹلز اور 263 ہوٹل و ریزارٹ کیز تعمیر کی جائیں گی۔

منصوبے میں سیاحوں کے لیے جدید سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی، جن میں سروس اپارٹمنٹس، تفریحی مقامات، شاپنگ مالز، کمرشل کمپلیکس، تفریحی پارکس، فلاح و بہبود کے احاطے، فیملی سروس اپارٹمنٹس اور پارکنگ جیسی سہولیات شامل ہیں۔

حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ منصوبے پر عمل درآمد سے کم از کم 23 ارب روپے سے زائد آمدن متوقع ہے، جبکہ اس آمدن کی کوئی بالائی حد مقرر نہیں کی گئی۔ یہ منصوبہ مجموعی طور پر صوبے میں قائم ہونے والا چوتھا انٹیگریٹڈ ٹورازم زون ہو گا، جو تقریباً 400 کنال رقبے پر محیط ہو گا۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ مانسہرہ میں 480 کنال پر گنول، سوات میں 754 کنال پر محیط منکیال اور چترال میں 540 کنال پر محیط مداکلشت ٹورازم زونز پر بھی کام جاری ہے، جن کی مجموعی لاگت 12.3 ارب روپے بتائی گئی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق سیاحت کو صوبے کی معاشی ترقی اور استحکام کی بنیاد بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹیگریٹڈ ٹورازم زونز سیاحت کے شعبے کے فلیگ شپ منصوبے ہیں اور ان کی تکمیل ماحول دوست اصولوں کے مطابق ہونی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیاحت کی بے پناہ استعداد موجود ہے اور کثیرالجہتی حکمتِ عملی کے تحت اس شعبے کو فروغ دینے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

Scroll to Top