بیرونِ ملک روزگار کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری

اسلا م آباد: پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم الزابی نے کہا ہے کہ پاکستانی افرادی قوت کے لیے یو اے ای کے ورک ویزوں کا اجرا جلد دوبارہ شروع کیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری تیاریاں جاری ہیں۔

یہ بات انہوں نے یو اے ای کے سفارت خانے میں پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن (پوئپا) کے چیئرمین سید رحمت علی شاہ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کے دوران کہی۔

وفد میں پوئپا کے سیکرٹری جنرل ممتاز صدیق، سابق چیئرمین سید حبیب علی شاہ، چیئرمین کے معاونِ خصوصی شکیل عباسی اور ایگزیکٹو ممبر طارق جاوید بھی شامل تھے۔

سفیر سالم الزابی نے وفد کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات تاریخی، مضبوط اور برادرانہ نوعیت کے ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں قریبی تعاون کر رہے ہیں، جن میں افرادی قوت کا شعبہ خاص اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے ہنرمند پاکستانی افرادی قوت کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یو اے ای کی ترقی اور تعمیر میں پاکستانی محنت کشوں کا کردار نمایاں اور قابلِ قدر رہا ہے۔

سفیر کے مطابق پاکستانی کارکن اپنی پیشہ ورانہ مہارت، محنت اور صلاحیتوں کی بدولت یو اے ای کی معیشت میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کرتے آئے ہیں۔

سالم الزابی نے اس موقع پر اس بات کی تصدیق بھی کی کہ پاکستانی شہریوں کے لیے ورک ویزوں کی بحالی سے متعلق ہوم ورک مکمل کیا جا رہا ہے اور جلد اس حوالے سے عملی پیش رفت سامنے آئے گی، جس سے بڑی تعداد میں پاکستانیوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم کیسا رہےگا ؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

اس موقع پر چیئرمین پوئپا سید رحمت علی شاہ نے یو اے ای کے سفیر کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات دیرینہ اور مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہنرمند افرادی قوت یو اے ای کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور آئندہ بھی دونوں ممالک کے درمیان یہ تعاون مزید فروغ پائے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ورک ویزوں کی بحالی سے نہ صرف دوطرفہ اقتصادی تعاون میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستانی نوجوانوں کے لیے بیرون ملک روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

Scroll to Top