بیرسٹر گوہر کی عطا تارڑ کے بیان کی شدید مذمت، معافی کا مطالبہ

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ وزیراطلاعات عطاء تارڑ کا حالیہ بیان انتہائی غیرذمہ دارانہ ہے اور ایسے وقت میں قوم کے اتفاق و یکجہتی کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے۔

گوہر نے کہا کہ لوگ جنازے اٹھا رہے ہیں اور سوگ منا رہے ہیں، اس لیے اس وقت دہشتگردی کی زبانی مذمت کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز قوم سے اپیل کی تھی کہ خون کہیں بھی گرے یہ بلاتفریق سب کا خون ہے، اور ایسے واقعات کی بغیر کسی تفرقہ کے بھرپور مذمت کی جاتی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ایسے بیانات سے دہشتگردوں کو تقویت ملے گی، اور دشمن کے خلاف صف آرا ہونا ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دہشتگردوں کا تعاقب کرینگے ، انہیں نکیل ڈالیں گے ،وفاقی وزیر عطا تارڑ

بیرسٹر گوہر نے زور دے کر کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور وہ خود ایسے فعل کی ہرصورت مذمت کرتے ہیں اور جنازوں کے وقت ایسا بیان دینے پر وزیراطلاعات کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔

واضح رہے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی پر الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے تو دہشت گردی کا خاتمہ کردیا تھا اب یہ جو دہشت گردی واپس آئی ہے اس کے پیچھے پی ٹی آئی ہے۔

Scroll to Top