آن لائن ٹیکسی چلانے والے افراد کیلئے اہم خبر آ گئی

اسلام آباد: ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں تمام آن لائن ٹیکسی اور بائیکیا سروسز کی باضابطہ رجسٹریشن کا فیصلہ کر لیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق بغیر رجسٹریشن گاڑیاں یا بائیکیا سروس چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ہدایات پر رجسٹریشن کا عمل آج سے باقاعدہ طور پر شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت تمام ڈرائیورز اور گاڑیوں کا مکمل ڈیٹا جمع کیا جائے گا۔

اس مقصد کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ تمام آن لائن ٹیکسی سروسز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز سے رابطہ کریں اور رجسٹریشن کے عمل کو یقینی بنائیں۔

انتظامیہ کے مطابق غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور بائیکیا سروسز کی رجسٹریشن ڈیجیٹل آٹومیشن کے ذریعے کی جائے گی، جبکہ رجسٹریشن ایپ پر اسلام آباد پولیس کو بھی تمام ڈیٹا تک مکمل رسائی حاصل ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد ڈرائیورز کے لیے مسافروں کی تفصیلات ایپ پر اپ لوڈ کرنا لازمی ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان کی جیل سے منتقلی ، چیئرمین پی ٹی آئی کا اہم بیان آ گیا

مسافر کے شناختی کارڈ نمبر کے اندراج کے بغیر کسی بھی ڈرائیور کو سواری لے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے نہ صرف آن لائن ٹرانسپورٹ سروسز کو باقاعدہ اور محفوظ بنایا جائے گا بلکہ شہریوں کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔

Scroll to Top