پی آئی اے نے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے نئے احکامات جاری کر دیے

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے نئے قواعد و ضوابط کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت ریٹائرمنٹ کے بعد طبی سہولیات کے حصول کے لیے اسٹیٹ لائف انشورنس میں رجسٹریشن کرانا لازمی ہوگا۔

پی آئی اے کی انتظامیہ کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کے حصول کے لیے پنشن بینک اکاؤنٹ بھی کھولنا ہوگا۔

یہ احکامات خاص طور پر 30 ستمبر 2023 یا اس سے قبل ریٹائر ہونے والے ملازمین کے لیے ہیں، اور انہیں ان ہدایات پر 15 فروری تک عمل کرنا لازمی ہوگا۔

سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ رجسٹریشن کے عمل کے لیے ریٹائرڈ ملازمین کو پی آئی اے میڈیکل سینٹرز پر اپنی قومی شناختی کارڈ کے ساتھ بائیو میٹرک کرانا ہوگا۔

اس کے علاوہ پنشن بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی فراہم کرنا لازمی ہیں تاکہ پنشن کی ادائیگی اور طبی سہولیات کی تصدیق ممکن ہو سکے۔

پی آئی اے انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ جو ریٹائرڈ ملازمین اس مدت تک رجسٹریشن نہیں کرائیں گے، انہیں پی آئی اے میڈیکل سینٹرز پر طبی سہولیات فراہم نہیں کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں : شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری، نادرا نے شناختی تصدیق کا نیا نظام شروع کر دیا

نئے احکامات کے تحت متعلقہ بینک سے پنشن بینک اکاؤنٹ کی تصدیق پر مبنی سرٹیفکیٹ جمع کرانا بھی لازمی ہوگا۔

اس اقدام کا مقصد ریٹائرڈ ملازمین کے لیے طبی سہولیات اور پنشن کے عمل کو منظم اور شفاف بنانا ہے، تاکہ کسی بھی ملازم کو سہولت سے محروم نہ ہونا پڑے اور تمام ضروری دستاویزات ڈیجیٹل اور قانونی طور پر مکمل ہوں۔

Scroll to Top