بھارت کے شہر احمد آباد میں جاری آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے گروپ ڈی میچ میں افغانستان اور جنوبی افریقا کے درمیان شاندار مقابلہ برابر رہا، جس کے بعد میچ کا فیصلہ سپر اوور پر ہوگا۔
افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ جنوبی افریقا کی اننگز کا آغاز ایڈم مارکرم اور کوئنٹن ڈی کوک نے کیا، لیکن صرف 12 رنز پر مارکرم فضل حق فاروقی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ابتدائی وکٹ کے گرنے کے بعد ڈی کوک اور ریکلٹن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کو آگے بڑھایا۔ دونوں کھلاڑیوں نے ایک ہی اوور میں اپنی ففٹیز مکمل کیں، ریکلٹن نے 61 اور ڈی کوک نے 59 رنز بنائے۔ بعد ازاں ڈیوالڈ بریوس 23 اور ڈیوڈ ملر نے 20 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
افغانستان کی جانب سے عظمت عمر زئی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ راشد خان نے دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ افغانستان نے بھرپور مزاحمت کی اور میچ برابر کر دیا۔
یاد رہے کہ افغانستان نے اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کھائی تھی، جبکہ جنوبی افریقا نے کینیڈا کو 57 رنز سے شکست دی تھی۔ اب دونوں ٹیموں کے لیے میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوگا، جو شائقین کے لیے انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مرحلہ ثابت ہوگا۔





