مولانا فضل الرحمان نےبڑا مطالبہ کردیا

مولانا فضل الرحمان نےبڑا مطالبہ کردیا

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملک میں فوری انتخابات کرانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام قومی وحدت اور اطمینان کے لیے ضروری ہے۔

چارسدہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاق اور خیبرپختونخوا کے درمیان مضبوط تعلقات قائم ہونے چاہئیں تاکہ حکومت اور عوام کے مسائل حل ہو سکیں، کیونکہ کوئی بھی صوبہ وفاق کی مدد کے بغیر عوامی مسائل حل نہیں کر سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور وزیر اعظم شہباز شریف کی ملاقات تین ماہ قبل ہونا چاہیے تھی۔

مولانا فضل الرحمان نے عالمی حالات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکا دنیا بھر میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اور اس کی خواہش ہے کہ ایران اور افغانستان غیر مستحکم رہیں تاکہ اپنی بالادستی برقرار رکھ سکے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کنٹینر میں مجھے تیل نظر نہیں آ رہا ہے۔

جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ الیکشن کے نتائج بدلنے کی کوششیں اب کوئی خفیہ بات نہیں رہی ہیں، اور ملک میں فوری انتخابات کرانا قومی مفاد میں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ غلط اقدامات کے خلاف اکثر شدید ردعمل سامنے آتا ہے، لہٰذا عوام اور سیاستدانوں کو احتیاط سے اپنی حدود میں رہنا چاہیے۔

مولانا فضل الرحمان نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت نہ امن و امان قائم کر سکتی ہے نہ ہی معاشی استحکام لا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ پر عوام کا اعتماد کم ہوا ہے، اور موجودہ حکومت عالمی مالیاتی اداروں اور ایف اے ٹی ایف کے دباؤ میں ہے۔

انہوں نے بلوچستان اور پختونخوا کے عوام کے حقوق کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان کی تقسیم کے بارے میں سوچنا بھی ناقابل قبول ہے۔

قبل ازیں مولانا فضل الرحمان نے سابق سفیر اور جمعیت لائرز فورم کے صوبائی صدر جلال الدین ایڈوکیٹ کے انتقال پر ان کے بیٹے مدثر جلال سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر سینئر رہنما مولانا عطا الحق درویش، مولانا عبدالحسیب حقانی، عبیداللہ انور ایڈووکیٹ اور فاروق خان آفریدی بھی موجود تھے۔

Scroll to Top