آن لائن ٹیکسی اور بائیک ڈرائیورز سے سفر کرنے والے شہریوں کے لیے اہم انتباہ جاری

اسلام آباد کی انتظامیہ نے آن لائن ٹیکسی اور بائیکیا ڈرائیورز کی رجسٹریشن کے لیے تیار کردہ ڈیش بورڈ مکمل طور پر فعال کر دیا ہے۔

پہلے ہی روز 313 ڈرائیورز نے اپنی رجسٹریشن مکمل کر لی، رجسٹریشن مکمل کرنے والے ڈرائیورز کو ایک کیو آر کوڈ جاری کیا جائے گا جسے وہ اپنی گاڑی پر لازمی طور پر چسپاں کریں گے، شہری اس کوڈ کو سکین کر کے آسانی سے رجسٹریشن کے سٹیٹس کی تصدیق کر سکیں گے۔

ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن نے کہا کہ رجسٹریشن کا بنیادی مقصد وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کو محفوظ اور شفاف سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔

غیر رجسٹرڈ ڈرائیورز کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے پیشِ نظر صرف رجسٹرڈ گاڑیوں میں ہی سفر کریں۔

ڈرائیورز رجسٹریشن کے لیے اسلام آباد سٹی ایپ پر مطلوبہ معلومات آسانی سے اپ لوڈ کر سکتے ہیں، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈیش بورڈ کو مزید سادہ اور صارف دوست بنایا گیا ہے تاکہ رجسٹریشن کا عمل آسان اور مؤثر ہو۔

یہ بھی پڑھیں: آن لائن ٹیکسی چلانے والے افراد کیلئے اہم خبر آ گئی

عرفان میمن کا کہنا ہے کہ تمام ڈرائیورز کی رجسٹریشن سے اسلام آباد کے سفری نظام کو مزید محفوظ اور شفاف بنایا جا سکے گا، غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

Scroll to Top