اٹلی نے دو بھائیوں کی شاندار اوپننگ بیٹنگ کی بدولت نیپال کو شکست دے کر آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اپنی پہلی تاریخی فتح سمیٹ لی۔
ممبئی میں کھیلے گئے گروپ سی میچ میں نیپال کی ٹیم صرف 123 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ جواب میں اٹلی نے جسٹن اور انتھونی موسکا کی بہترین کارکردگی کی بدولت بغیر کسی نقصان کے ہدف حاصل کر لیا۔
ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں اٹلی کو اسکاٹ لینڈ کے ہاتھوں 73 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، لیکن نیپال کے خلاف ٹیم نے بلکل مختلف اور جارحانہ انداز اپنایا۔
نیپال کی بیٹنگ سست اور محتاط رہی، جس کی وجہ سے ٹیم 123 رنز پر محدود رہی۔ اس کے بعد اٹلی کے اوپنرز جسٹن موسکا اور انتھونی موسکا نے ہدف کے تعاقب میں جارحانہ آغاز کیا۔
یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں صرف دوسرا موقع تھا جب دو بھائیوں نے ایک ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔ اس سے پہلے یہ جوڑا اسکاٹ لینڈ کے خلاف بھی اوپن کر چکا ہے۔
نیپال کے بولرز اٹلی کی شراکت داری کو توڑنے میں کامیاب نہیں ہوئے، اور دونوں موسکا بھائیوں نے ناقابل شکست نصف سنچریاں اسکور کیں۔
اٹلی نے 124 رنز کا ہدف صرف 12.4 اوورز میں حاصل کیا، جسٹن موسکا 60 اور انتھونی موسکا 62 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
یوں اٹلی نے نیپال کو 10 وکٹ سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پہلی کامیابی سمیٹ لی۔
اٹلی کا اگلا میچ پیر کو انگلینڈ کے خلاف ہوگا، جبکہ نیپال اتوار کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا پوائنٹ حاصل کرنے کی امید رکھے گا۔





