بنگلہ دیش انتخابات، غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج،کونسی جماعت آگے؟

بنگلہ دیش کے عام انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق نیشنلِسٹ پارٹی 17 نشستوں کے ساتھ سبقت لے گئی ہےجبکہ جماعتِ اسلامی 10 سیٹیں حاصل کر کے دوسرے نمبر پر موجود ہے۔بنگلہ دیش جاتیہ پارٹی نے ایک نشست جیت کر تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

ووٹنگ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے چھ بجے ہوا اور عمل سہ پہر ساڑھے تین بجے تک جاری رہا۔ ملک بھر میں 300 میں سے 299 حلقوں میں پولنگ ہوئی، جہاں 12 کروڑ 76 لاکھ سے زائد ووٹرز نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ ایک حلقے میں امیدوار کے انتقال کے باعث الیکشن ملتوی کر دیا گیا تھا۔

بنگلہ دیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق چند مقامات پر ناخوشگوار واقعات پیش آئے، تاہم مجموعی طور پر انتخابی عمل پُرامن رہا۔

مبینہ بے ضابطگیوں کے الزام پر انتخابی عملے کے تین ارکان کو ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا جبکہ گوپال گنج میں پیٹرول حملے کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے۔

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق دوپہر دو بجے تک ووٹر ٹرن آؤٹ 47.9 فیصد ریکارڈ کیا گیا تھا۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حتمی ٹرن آؤٹ اس سے زیادہ ہو سکتا ہے۔ ملک بھر میں 12 کروڑ 70 لاکھ سے زائد شہری ووٹ ڈالنے کے اہل تھے۔

عام انتخابات کے ساتھ ساتھ ووٹرز نے جولائی نیشنل چارٹر کی توثیق کے لیے ہونے والے ریفرنڈم میں بھی حصہ لیا، جس کے نتائج بھی انتخابی نتائج کے ساتھ سامنے آئیں گے۔

Scroll to Top