لاہور: محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول پنجاب نے فروری 2026 کے لیے گاڑیوں کے پرکشش یا فینسی رجسٹریشن نمبرز کی نیلامی کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق شہری اب ای آکشن موبائل ایپ یا محکمہ ایکسائز کے ویب پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے اپنی پسند کے رجسٹریشن نمبر کے لیے اندراج کروا سکتے ہیں۔
نیلامی میں حصہ لینے کے لیے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 2 مارچ 2026 مقرر کی گئی ہے۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کا مقصد نیلامی کے عمل کو شفاف، آسان اور عوام کی دسترس میں لانا ہے تاکہ شہریوں کو من پسند نمبر حاصل کرنے کے لیے دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
نیلامی کے پلیٹ فارم پر موٹر سائیکل، نجی گاڑی اور کمرشل وہیکلز کے رجسٹریشن نمبر دستیاب ہوں گے، جبکہ کامیاب بولی دہندگان کی تفصیلات بھی آن لائن دیکھیں جا سکیں گی۔
چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) فیصل یوسف نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے فینسی نمبرز کی نیلامی کا روایتی طریقہ کار مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام میں تبدیل ہو گیا ہے، جس سے شفافیت میں اضافہ اور شہریوں کو تیز رفتار آن لائن سہولت فراہم ہوئی ہے۔
سرکاری حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل آن لائن رجسٹریشن مکمل کر کے نیلامی میں حصہ لیں تاکہ اپنی پسند کے پرکشش رجسٹریشن نمبر حاصل کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیں : چوائس نمبر پلیٹس پر بولی کی تیاری، اپنی پسند کا نمبر حاصل کریں
یاد رہے کہ پشاور میں محکمہ ایکسائز خیبر پختونخوا نے اعلان کیا ہے کہ وہ 14 فروری کو مزید 40 چوائس نمبر پلیٹس کی نیلامی کرے گا۔
نیلامی میں معروف اور پسندیدہ ناموں جیسے سید، قادری، جتوئی، راجہ، پشتون سمیت دیگر چوائس نمبر پلیٹس شامل ہوں گی۔
مزید برآں اس نیلامی میں خیبر، بونیر، مہمند، کوہاٹ اور دیگر اضلاع کے نام سے منسوب نمبر پلیٹس بھی پیش کی جائیں گی، تاکہ شہریوں کو اپنی پسند کے مطابق منفرد نمبر حاصل کرنے کا موقع مل سکے۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق ہر چوائس نمبر پلیٹ کے لیے ابتدائی بولی 10 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ اگر کسی نمبر پلیٹ پر بولی دہندگان کی تعداد تین سے کم ہوئی، تو اس نمبر کی نیلامی کو مؤخر کر دیا جائے گا۔
نیلامی میں حصہ لینے کے خواہشمند افراد سے ایک لاکھ روپے بطور سیکیورٹی رقم وصول کی جائے گی، جبکہ کامیاب بولی دہندہ کو نیلامی کے فوراً بعد مکمل رقم ادا کرنا لازمی ہوگی۔
محکمہ ایکسائز خیبر پختونخوا نے واضح کیا ہے کہ نیلامی کے تمام مراحل شفاف اور بروقت طریقے سے مکمل کیے جائیں گے، تاکہ شہریوں کا اعتماد برقرار رہے اور ہر شخص کو اپنی پسند کی نمبر پلیٹ حاصل کرنے میں مساوی موقع فراہم ہو۔





