اسلام آباد: پاکستان نیشنل اینفلونسرز کے سٹوڈنٹس سوسائٹی سٹوڈنٹس فار اکنامک اینڈ سوشل افئیرز (سیسا) نے اسلام آباد میں 4 روزہ فری مارکیٹ لیڈرشپ بوٹ کیمپ کامیابی سے منعقد کیا۔
اس پروگرام میں پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان سمیت ملک بھر کی مختلف جامعات سے طلبہ نے شرکت کی۔
بوٹ کیمپ کا مقصد طلبہ کو آزاد منڈی کی معیشت اور اصولی قیادت کے تصورات سے روشناس کرانا تھا۔ چار دنوں کے دوران شرکاء کو مارکیٹ اکانومی، انفرادی آزادی، محدود حکومت، قانون کی حکمرانی، معاشی آزادی، ٹیکسیشن، ریگولیشن، پاکستان میں کاروباروں کو درپیش مشکلات، منڈی کی ابتدا، اور آزاد معاشرے کی بنیادوں پر جامع سیشنز دیے گئے۔
ممتاز مقررین میں ڈاکٹر فیاض شاہ (ECMPR)، زرتاشہ عنایت (پرائم انسٹیٹیوٹ)، راشد علی (پروفیسر قائداعظم یونیورسٹی)، اور نیشنل اینفلونسرز سے عائشہ گل، محمد سلیمان، محمد عثمان اور حبیب اورکزئی شامل تھے، جنہوں نے معاشی و سماجی آزادی کے فروغ سے متعلق شرکاء کو مستفید کیا۔
بوٹ کیمپ میں لیکچرز کے ساتھ ساتھ عملی سرگرمیوں پر بھی زور دیا گیا۔ شرکاء نے پاکستان کو درپیش سماجی و معاشی مسائل پر مختلف ڈراموں کے ذریعے نہ صرف مسائل کی نشاندہی کی بلکہ ان کے حل بھی پیش کیے۔ اس تعاملی انداز نے تنقیدی سوچ، باہمی تعاون اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایمن بٹلر کی کتاب کا اُردو ترجمہ شائع، معاشی مکاتب فکر: ایک تعارف
تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ شرکاء نے اسلام آباد کے خوبصورت مقامات کا دورہ بھی کیا، جس سے مختلف صوبوں سے آئے طلبہ کے درمیان باہمی روابط اور قومی یکجہتی کو تقویت ملی۔
اس موقع پر نیشنل اینفلونسرز کے صدر محمد سلیمان اور سٹوڈنٹس لیڈر محمد عثمان نے مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ بوٹ کیمپ پاکستان بھر میں معاشی آزادی، انفرادی خودمختاری اور ذمہ دار حکمرانی کے فروغ کے لیے باصلاحیت نوجوان قیادت کی تیاری کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔





