امریکی صدر کی شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی ایک بار پھر تعریف

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’غزہ بورڈ آف پیس‘ کے پہلےاجلاس سےخطاب میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکی ایک بار پھر تعریف کی۔

انہوں نے شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر عظیم شخص ہیں ۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں نے آٹھ جنگیں رکوائیں ، امریکی صدر نے ایک بار پھر پاک بھار ت جنگ کا تذکرہ کیا اور کہا کہ پاک بھارت جنگ میں گیارہ جیٹ طیارے گرائے گئے ۔

ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بہت اعلی سپہ سالار ہیں ۔

امریکی صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پائیدار امن کے لیے بورڈ آف پیس اہم فورم ہے ،ہمارے امن بورڈ کی طرح کوئی اور مضبوط بورڈ نہیں ،ہمیں امن کیلئے مزید محنت سے کام کرنا ہوگا،غزہ میں امن اور تعمیر نو کے لیے پیس آف بورڈ بہترین فورم ہے ۔

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تشکیل کردہ ’غزہ بورڈ آف پیس‘ کا پہلا باضابطہ اجلاس واشنگٹن میں شروع ہو گیا ہے۔

اجلاس میں مختلف ممالک کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں جبکہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف بھی خصوصی دعوت پر شریک ہیں۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق اس اہم اجلاس میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے سفارتی وفود امریکی دارالحکومت پہنچے اور اس موقع پر صدر ٹرمپ کے ہمراہ یادگاری تصاویر بھی بنوائیں۔یہ اجلاس غزہ میں جنگ بندی کے بعد انتظامی اور بحالی امور کی نگرانی کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق بورڈ آف پیس کا بنیادی مقصد غزہ میں جنگ کے خاتمے کے بعد ایک ایسا بین الاقوامی انتظامی ڈھانچہ قائم کرنا ہے جو خطے میں پائیدار امن، تعمیرِ نو اور انسانی امداد کی مؤثر ترسیل کو یقینی بنا سکے۔ اس اقدام کو جنگ کے بعد کے مرحلے میں ایک منظم اور مربوط حکمت عملی قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top