پشاور ،چند منٹ کا سفر گھنٹوں میں تبدیل، پشاور ٹریفک جام سے شہری پریشان

پشاور ،چند منٹ کا سفر گھنٹوں میں تبدیل، پشاور ٹریفک جام سے شہری پریشان

پشاور شہر میں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہو گیا ہے، جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ مختلف علاقوں میں ٹریفک جام معمول بن چکا ہے اور کئی افراد سڑکوں پر ہی افطاری کرنے پر مجبور ہیں۔

ذرائع کے مطابق تجاوزات اور غیر قانونی رکشوں کی بھرمار نے شہر کی اہم شاہراہوں اور بازاروں کو مفلوج کر دیا ہے۔ چند منٹ کی مسافت طے کرنے میں گھنٹوں لگ رہے ہیں، جس سے شہری ذہنی اور جسمانی اذیت کا شکار ہیں۔

خاص طور پر مولوی جی ہسپتال روڈ، جی ٹی روڈ، اشرف روڈ اور اندرون شہر کے بازار ہر وقت شدید ٹریفک جام کی لپیٹ میں رہتے ہیں۔ رمضان المبارک میں خریداری کے رش اور غیر منظم ٹریفک نے صورتحال کو مزید گھمبیر بنا دیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ روزانہ سینکڑوں افراد دفاتر اور گھروں کو دیر سے پہنچتے ہیں، جبکہ افطاری کے اوقات میں ٹریفک میں پھنس کر شدید گرمی اور کوفت برداشت کرنا معمول بن چکا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ انتظامیہ فوری طور پر تجاوزات کے خاتمے اور غیر قانونی رکشوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرے تاکہ ٹریفک کی روانی بحال ہو سکے۔

مقامی حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو رمضان کے دوران شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے اور صورتحال ایک بڑے شہری بحران کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔

Scroll to Top