ایف آئی اے پشاور زون نے حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کوہاٹ روڈ پر ٹیکنیکل کالج کے قریب کامیاب چھاپہ مارا۔
ترجمان کے مطابق 23 فروری 2026 کو ایف آئی اے کے کارپوریٹ کرائم سرکل (سی بی سی) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، جس کے دوران ملزم کاشف نعمان ولد حنیف خان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے 44 لاکھ روپے نقد رقم اور حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار سے متعلق اہم دستاویزی شواہد بھی برآمد کیے گئے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم بغیر کسی قانونی لائسنس یا مجاز اتھارٹی کے حوالہ ہنڈی کا کاروبار کر رہا تھا۔ گرفتار ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی مالی لین دین اور حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔





